پی ڈی ایم جلسے میں رکاوٹیں ہٹانے کے احکامات جاری
ملتان میں پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کی جلسہ گاہ کی طرف جانے والے راستوں سے رکاوٹیں ہٹانے کے احکامات صادر کر دئے گئے ہیں۔
ملتان سے موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک الائنس میں شامل اپوزیشن کی اہم جماعتوں کے رہنما ملتان پہنچ گئے ہیں۔
پی ڈی ایم کے ملتان پاور شو میں شرکت کے لئے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو مرحومہ کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو بھی ملتان پہنچ چکی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آصفہ بھٹو پی ڈی ایم کے ملتان جلسے سے خطاب کے ذریعے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کر رہی ہیں۔
اسی کے ساتھ اطلاعات ہیں کہ صوبہ پنجاب کے آئی جی پولیس نے پی ڈی ایم کی ریلیوں کے راستے سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دے دیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے مرکزی رہنما ریلی کی شکل میں آئیں تو مزاحمت نہ کی جائے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ ملتان میں مولانا فضل الرحمن کی رہائشگاہ کے باہر پولیس کی نفری بڑھادی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملتان کی ضلعی انتظامیہ نے جلسہ گاہ ، قلعہ قاسم کہنہ باغ کو بند کرکے سیکورٹی اہلکار تعینات کر دئے ہیں۔
اسی کے ساتھ چوک گھنٹہ گھر جانے والے راستے پر دس سے بارہ کلومیٹر تک ٹریکٹر ٹرالیاں لگادی گئی ہیں۔ اسی کے ساتھ اطلاعات ہیں کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے کارکنوں نے کنٹینر ہٹانے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔