Dec ۰۲, ۲۰۲۰ ۰۹:۴۴ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا بے قابو، ایک دن میں 75 اموات

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور اس ملک میں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب ان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

کورونا وبا نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 75 افراد کی جان لی جس کے بعد پاکستان میں اس وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں 35 ہزار 197 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 55 لاکھ 84 ہزار 976 ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں مزید 2 ہزار 829 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 3 ہزار 311 ہوگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد بڑھ کر 49 ہزار 780 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 244 کی حالت تشویشناک ہے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 79 افراد نے کورونا کو شکست دی جس کے بعد اس وبا کے خلاف جاری جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 45 ہزار 365 ہوگئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 28 ویں نمبر پر ہے۔

کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔

ٹیگس