Dec ۰۴, ۲۰۲۰ ۱۱:۰۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا سے سابق جج سمیت 56 افراد جاں بحق

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں مزید 3 ہزار 262 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 10 ہزار 72 ہوگئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وبا کے مریضوں میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس مہلک وائرس نے سابق جج سمیت مزید 56 افراد کی جانیں لے لیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہزار 260 ہوگئی ہے۔

پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف کو سزا سنانے والے جج ارشد ملک بھی کورونا وائرس سے انتقال کرگئے ۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق جج ارشد ملک ایک ہفتے سے وینٹی لیٹر پر تھے اور ان کا انتقال راولپنڈی کے نجی اسپتال میں ہوا ہے۔

واضح رہے کہ ارشد ملک کو لاہورہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی نے ویڈیو اسکینڈل میں ملوث ہونے پر عہدے سے برطرف کردیا تھا، اور ارشد ملک نے انتظامی کمیٹی کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔

ٹیگس