پاکستان حکومت اور اپوزیشن میں رسہ کشی جاری
حکومت کی مخالفت کے باوجود 13 دسمبر کے جلسے سے قبل عوامی رابطہ مہم ، ریلیوں اور جلسوں کا شیڈول جاری کردیا گیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنماؤں رانا مشہود اور سائرہ افضل تارڑ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عمران خاں کا چیلنج قبول کرتے ہوئے مینار پاکستان پر ان سے بڑا جلسہ کرکے دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے عوامی رابطہ مہم شروع کر دی گئی ہے جس کے تحت مریم نواز خود بھی مختلف جلسوں اور ریلیوں سے خطاب کریں گی۔
مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے سامنے دو ہی آپشن ہیں، یا تو وہ خود اقتدار سے الگ ہو جائیں یا پھر عوام ان کو نکال باہر کریں گے۔
اپوزیشن کا کہنا ہے کہ اگر مینار پاکستان پر جلسہ نہ کرنے دیا گیا تو پورے لاہور میں جلسے ہوں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے ملک کی تمام مشکلات کی ذمہ داری کا الزام حکومت پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا بھی عذاب ہوچکا ہے۔
ادهر مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 13 دسمبر کو لاہور کا جلسہ تاریخی ہوگا، افسران اگرسیاست میں ملوث ہوں گے تو کل انہیں جواب دینا ہوگا۔
واضح رہے کہ لاہور میں 13دسمبر کے جلسے کے لیے (ن) لیگ کی رہنما مریم نواز شہریوں کو متحرک کرنے کے لیے شہرکا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل ریلی کی قیادت بھی کریں گی۔