Dec ۱۱, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۰ Asia/Tehran
  • قادیانیوں کو دائرے اسلام  میں داخل کرنے اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی کوشش

سورج مشرق کی بجائے مغرب سے  نکل سکتا ہے مگر عمران خان اسرائیل کو قبول نہیں کرسکتا: شیخ رشید احمد

 پی ڈی ایم کے سربراہ  مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ان کی تحریک اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے  اور ہم  پرامن جدو جہد کرکے حکومت کو گھر بھیجنے پر مجبور کردیں گے،13  دسمبر لاہورمیں پی ڈی ایم آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریگی۔

انہوں نے  حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تمام پالیسیاں بین الاقوامی ایجنڈے کے تحت چلائی جارہی ہیںِ، سلیکٹیڈ کو لانے والے قوم پر رحم کریں اور ملک کو مزید تباہی سے بچائیں۔

انہوں نے قادیانیوں کو پھر سے دائرہ اسلام میں داخل کئے جانے سے متعلق خبروں پر اپنے دو ٹوک موقف کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قادیانیوں کو دوبارہ مسلمان بنانے والوں کو ہماری لاشوں پر سے گزرنا پڑیگا۔

مولانا فضل الرحمن نے  اسرائیل کی خودساختہ  حکومت کو تسلیم کئے جانے سے متعلق موجودہ حکومت پرالزام لگایا کہ وہ اسرائیل سے تعلقات بڑھانے میں مصروف ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے مولانا فضل رحمان کے بیان پر افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ سورج مشرق کی بجائے مغرب سے  نکل سکتا ہے مگر عمران خان اسرائیل کو قبول نہیں کرسکتا۔

شیخ رشید نے اپوزیشن رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی نظر اسلام پر نہیں اسلام آباد پر ہے۔

 

ٹیگس