Dec ۱۳, ۲۰۲۰ ۲۰:۱۰ Asia/Tehran
  • مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کا پاور شو

مینار پاکستان پر اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کا چھٹا پاورشو جاری ہے جس سے مختلف رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور حکومت کی پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز شریف نے وزیر اعظم عمران خان کا نام لیکر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ این آر او نہ دینے کی بات کرنے والا آج خود این آر او مانگ رہا ہے لیکن ہم انہیں این آر او نہیں دیں گے۔ انہوں نے ایک بار پھر وزیر اعظم عمران خان پر فوج کی تابعداری اور دھاندلی کے ذریعے اقتدار حاصل کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر وزیراعظم عمران خان کی حکومت جانے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم تو کشتیاں جلاکر میدان میں اترے ہیں۔ انہوں نے کہا حکمرانوں کی نااہلی کی سزا عوام کو بھگتنا پڑ رہی ہے۔
انہوں نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈائیلاگ کے امکان کے بارے میں کہا کہ ڈائیلاگ کا وقت گزر چکا اور لانگ مارچ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسلام آباد آ رہے ہیں اور بقول ان کے جعلی حکمران سے استعفی لے لیں گے۔
پختونخوا عوامی ملی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کا کہنا تھا کہ حالات انقلاب کے لیے سازگار رہیں اور انقلاب فرانس کی طرح مریم نواز، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کو ایک موقع ملا ہے کہ ملک میں انقلاب کے عمل کو آگے بڑھائیں۔
 

ٹیگس