ہندوستان کا ایک ڈرون مار گرانے کا پاکستان کا دعوی
پاکستان کی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اس نے کشمیر کی کنٹرول لائن پر ہندوستان کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔
اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوج کے رابطہ دفتر نے دعوی کیا ہے کہ ہندوستان کے اس ڈرون طیارے نے کشمیر کی کنٹرول لائن پر پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی جسے پھر پاکستان نے مار گرایا۔
گذشتہ ایک سال کے دوران ہندوستانی فوج کا یہ سولہواں طیارہ ہے جسے پاکستان نے مار گرایا ہے۔ پاکستان کی فوج نے ہندوستانی فوج کے اس ڈرون طیارے کو مار گرانے کا ایسی حالت میں دعوی کیا ہے کہ حالیہ دو ہفتوں کے دوران پاکستان کے مختلف اعلی عہدیداروں منجملہ وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ ہندوستان، پاکستان پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ کشمیر کی کنٹرول لائن پر ہمیشہ کشیدگی پائی جاتی رہی ہے اور ہندوستان اور پاکستان دونوں ہی ملکوں کی جانب سے ایک دوسرے پر کنٹرول لائن پر فائر بندی کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے۔