Jan ۰۴, ۲۰۲۱ ۰۸:۴۷ Asia/Tehran
  • شیعہ مسلمانوں کے ہولناک قتل عام کی ذمہ داری داعش نے قبول کی

پاکستان میں ہوئے کان کنوں کے وحشیانہ قتل عام کی ذمہ داری خونخوار دہشتگرد تکفیری ٹولے داعش نے قبول کر لی ہے۔

اتوار کی شب داعش نے ایک بیان جاری کر کے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ہوئے ہولناک دہشتگردانہ حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔

خیال رہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب داعش کے 20 سے 25 دہشتگردوں نے مذکورہ صوبے کے علاقے مچھ میں گہری نیند سو رہے کم از کم گیارہ کان کنوں کو ہولناک طریقے سے قتل کر دیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے مقتولین میں بعض کے ہاتھ پیر باندھ کر انہیں ذبح کیا گیا۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ دہشتگردی قرار دی۔ انہوں نے ہولناک جرم میں ملوث دہشتگردوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پاکستان کی مختلف سیاسی و مذھبی جماعتوں نے بھی واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دیا۔

صوبہ بلوچستان، پاکستان کا ایک بد امن صوبہ سمجھا جاتا ہے جہاں گزشتہ برسوں میں اب تک سیکڑوں شیعہ مسلمانوں کو نہایت بے دردی کے ساتھ قتل کیا جا چکا ہے۔

دہشتگردانہ سرگرمیوں میں داعش، لشکر جھنگوی، جماعت الاحرار اور سپاہ صحابہ جیسے دہشتگرد تکفیری ٹولے ملوث رہے ہیں۔

ٹیگس