جنرل باجوہ کی سانحہ مچھ کے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات
سانحہ مچھ کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، یہ اعلان پاکستان کے آرمی چیف نے سانحۂ مچھ کے متاثرین سے ملاقات کے دوران کیا۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ میں ساںحہ مچھ میں شہید ہونے والے ہزارہ برادری کے افراد کے لواحقین سے ملاقات کی۔
بتایا جاتا ہے کے صوبہ بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ کے دورے کے موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ مچھ کے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے اس ملاقات میں متاثرین کو یقین دہانی کروائی کہ سانحہ مچھ کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، شہدا کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔
پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل باجوہ نے کہا کہ اہم محل وقوع کی وجہ سے بلوچستان پر ہمارے دشمنوں کی کڑی نظر ہے، بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن قوتوں کی تخریبی کارروائیوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور بلوچستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔