پاکستان میں اگلے ہفتے سے کورونا ویکسینیشن کا آغاز
پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 46 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 11 ہزار 560 ہوگئی ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق پاکستان میں کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ ایک روز بعد پاکستان پہنچے گی جبکہ اگلے ہفتے سے ویکسین کا عمل شروع ہوجائے گا اور چین 5 لاکھ ویکسین کی پہلی کھیپ مفت فراہم کرے گا۔
ادھر وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ویکسین سب سے پہلے ہیلتھ ورکرز کو لگے گی۔
دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 46 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار 381 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 78 لاکھ 48 ہزار 316 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں مزید ایک ہزار 644 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 41 ہزار 31 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 32 ہزار726 ہے۔ جب کہ2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 2 ہزار 167 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 96 ہزار 745 ہوگئی ہے۔