Feb ۰۱, ۲۰۲۱ ۱۰:۳۴ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا ویکسین پہنچنے کے ساتھ ہی اسکول کھل گئے

پاکستان میں پہلی سے آٹھویں تک کلاسز کا آغاز ہوگیا ہے اور یونیورسٹیوں میں بھی تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔

پاکستانی فضائیہ کا خصوصی طیارہ کورونا ویکسین لے کر پاکستان پہنچ گیا۔ خصوصی طیارہ چین سے ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں لے کر اسلام آباد پہنچا ۔

معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سائنو فارم ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی، ویکسین سب سے پہلے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو لگائی جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان میں پرائمری اور مڈل سکولز میں کلاسز کا آغاز ہوگیا ہے۔ یونیورسٹیوں میں بھی تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں۔ اسکولوں میں پہلی سے آٹھویں تک جبکہ کالجز اور جامعات میں تھرڈ ائیر سے پی ایچ ڈی تک کلاسز شروع ہوگئی ہیں۔ تعلیمی ادارے کھلنے پر بچوں نے خوشی کا اظہار کیا۔

کورونا کی دوسری لہر میں شدت آنے پر 26 نومبر 2020 کو تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا تھا۔ صورتحال قدرے بہتر ہونے پر سکول، کالجز اور یونیورسٹیوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

ادھرنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 26 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 11 ہزار 683 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 428 ہوگئی۔

اب تک 5 لاکھ ایک ہزار 252 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 92 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ٹیگس