Feb ۲۷, ۲۰۲۱ ۰۹:۳۷ Asia/Tehran
  • پاکستان: تحریکِ طالبان پاکستان کے 3 دہشت گرد ہلاک و گرفتار

پاکستان کے صوبہ سندھ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران تحریکِ طالبان پاکستان کے 3 دہشت گرد ہلاک و گرفتار ہو گئے۔

سندھ کے شہر سکھر میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان کے 2 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت ولایت زیب اور شاہ محمود کے نام سے کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سکھر کے علاقے پٹنی میں سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشوانی کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، گرفتار دونوں دہشت گرد اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے۔

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 پستول اور ایک بیگ برآمد ہوا ہے۔

دوسری جانب سندھ کے ضلع جامشورو کے علاقے کوٹری میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کے دوران تحریکِ طالبان کے مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار کئے جانے والے ملزم عبدالرحمٰن سواتی کا تعلق تحریکِ طالبان سوات سے ہے۔

گرفتار ملزم کے قبضے سے دستی بم اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا ہے جس نے اعتراف کیا ہے کہ تمام کارروائیاں تحریکِ طالبان کے لیڈر ابوبکر کے کہنے پر کی گئیں۔

واضح رہے کہ کل جمعہ کے روز بھی جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد نورستان عرف حسن بابا مارا گیا تھا۔

حسن بابا دہشت گردی کی متعدد وارداتوں کا ماسٹر مائنڈ تھا اور وہ بارودی سرنگیں بنانے کا ماہر تھا اور 2007 میں بیت اللہ محسود گروپ میں شامل ہوا تھا۔

ٹیگس