ایل او سی پر جنگ بندی، عمران خان کی جانب سے خیرمقدم
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ایل او سی پر جنگ بندی کی بحالی کا خیرمقدم کیا ہے۔
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں لکھا ہے کہ ہم ایل او سی پر جنگ بندی کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ امن کا علم بلند کیا ہے اور اب بھی مذاکرات کے ذریعے تمام تنازعات کا حل نکالنے کے تیار ہیں۔
وزیراعظم پاکستان،عمران خان نے کہاکہ مزید پیش رفت کے لئے سازگار ماحول بنانے کی ذمہ داری ہندوستان پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے یہ بیان دوبرس قبل پلواما حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فضائی جھڑپ کو دو برس مکمل ہونے کے موقع پر دیا ہے جس میں پاکستانی فضائیہ نے ایک ہندوستانی ہواباز کو گرفتار کرلیا تھا اور بعد میں نئی دہلی کو واپس لوٹا دیا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ ہندوستان کو چاہئے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے دیرینہ مطالبات کو تسلیم کرے -
واضح رہے کہ تین روز قبل ہندوستان اور پاکستان کے فوجی افسران نے ایل او سی پر جنگ بندی کی بحالی پر اتفاق کیا تھا- دونوں ملکوں کے فوجی افسران کے اس فیصلے کے بعد ہندوستانی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ ان کا ملک پڑوسی ملکوں کے ساتھ معمول کے تعلقات چاہتا ہے ۔ہندوستانی وزرات خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان اختلافات کو دوطرفہ مذاکرات کے تحت حل کیا جاسکتا ہے۔