ہندوستانی پائلٹ کا نیا ویڈیو منظر عام پر، کشمیریوں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، سوچنا ہوگا+ ویڈیو
پاکستانی فضائیہ کے ہاتھوں گرفتار ہندوستانی پائلٹ ابھی نندن کا تازہ ویڈیو چرچہ کا موضوع بن گیا ہے۔
پاکستانی فوج نے 27 فروری 2019 کو گرفتار کیے گئے ہندوستانی پائلٹ ابھی نندن کا خصوصی بیان جاری کیا ہے۔
پاکستان کی سرزمین پر گرفتار ہونے والے ہندوستانی پائلٹ ابھی نندن نے اس وقت فوج کو دیے گئے بیان میں کہا تھا کہ فضا سے مجھے دونوں ملکوں میں کچھ فرق پتا نہیں چلا، پیراشوٹ گرا تو پتا نہیں تھا کہ پاکستان میں ہوں یا اپنے دیس ہندوستان میں کیونکہ مجھے دونوں ملک ایک جیسے لگتے تھے اور سارے لوگ بھی مجھے ایک جیسے ہی لگے۔
ابھی نندن نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اُس کے بعد پھر مجھے کافی گہری چوٹ لگی تھی، میں ہل نہیں پا رہا تھا، میں نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ کون سے ملک میں ہوں، جب مجھے لگا کہ اپنے ملک میں نہیں ہوں تو میں نے بھاگنےکی کوشش کی، میرے پیچھے کچھ لوگ پڑے تھے اور وہ مجھے پکڑنا چاہتے تھے۔
ابھی نندن نے بتایا کہ اسی وقت پاکستان آرمی کے 2 جوان آئے، انہوں نے مجھے پکڑا اور وہاں سے بچایا، ان میں ایک پاکستان آرمی کے کپتان بھی آئے، انہوں نے مجھے ان لوگوں سے بچایا، وہ مجھے اپنے یونٹ تک لے کر گئے جہاں مجھے فرسٹ ایڈ دی گئی، اس کے بعد مجھے اسپتال لے جایا گیا جہاں میری جانچ ہوئی۔
ابھی نندن نے مزید کہا کہ کشمیر کے ساتھ کیا ہورہا ہے نہ آپ کو پتا ہے نہ مجھے پتا ہے، ہمیں تھوڑا سکون سے سوچنا ہے۔
واضح رہے کہ 2 سال قبل پاکستانی فضائیہ نے 27 فروری کی صبح فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے دو ہندوستانی لڑاکا طیاروں کو مار گرانے کا دعوی کیا تھا جن میں سے ایک مگ 21 لڑاکا طیارہ پاکستان کی حدود میں گرا اور اس میں سوار ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
بعد ازاں پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت ہندوستانی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کیا۔