Mar ۰۵, ۲۰۲۱ ۲۲:۵۲ Asia/Tehran
  • پی ڈی ایم کا قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ، نئے انتخابات کا مطالبہ

پاکستان میں سیاسی درجہ حرارت ایک بار پھر تیز ہوگیا ہے اور سینیٹ کے حالیہ انتخابات کے نتائج کے بعد وزیراعظم عمران خان کو دوبارہ اعتماد کا ووٹ دینے کے لیے طلب کیے جانے والے اجلاس کا اپوزیشن کی جماعتوں نے بائیکاٹ کردیا ہے۔

اسلام آباد میں اپوزیشن کی گیارہ جماعتوں کے اتحاد پی ڈی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کا کوئی رکن شرکت نہیں کرے گا۔
انہوں نے پارلیمانی انتخابات دوبارہ کرائے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بقول ان کے پاکستان میں کوئی حکومت نہیں ہے لہذا فوری طور پر نئے انتخابات کرانے کا اعلان کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ صدر پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کو دوبارہ ووٹ دینے کی غرض سے کل ہفتے کے روز قومی اسمبلی اجلاس طلب کیا ہے۔
سینیٹ کے حالیہ انتخابات کے غیر متوقع نتائج اور حکمران جماعت کے ایک درجن سے زائد ارکان کی جانب سے اپوزیشن کے امیدواروں کو ووٹ دیئے جانے کے بعد حکمراں جماعت نے وزیراعظم کے لیے اسمبلی سے دوبارہ اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کا اعلان کیا۔
سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں قومی اسمبلی کے الیکٹورل کالج میں ووٹنگ کے نتائج سے حکمران جماعت کو زبردست دھچکہ لگا ہے اور اس کے مضبوط ترین امیدوار اور موجودہ وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں ہار گئے ہیں۔
حکومت نے اپنے اپوزیشن جماعتوں پر سینیٹ کے انتخابات میں ارکان کی خرید و فروخت کا الزام عائد کیا ہے جس سے اس نے مسترد کردیا ہے۔

ٹیگس