ضمانت کی منسوخی پر مریم نواز سے تحریری جواب طلب
لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی ضمانت کی منسوخی کی نیب کی درخواست پر نوٹس جاری کردیا ہے
لاہور ہائیکورٹ کی دو رکنی بینچ نے شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی ضمانت کی منسوخی کے بارے میں نیب کی درخواست پر سماعت کی ، نیب کے وکیل نے کہا کہ مریم نواز اپنی ضمانت کا غلط استعمال کر رہی ہیں اور ہمارے طلب کرنے کے باوجود وہ نیب کی سامنے پیش نہیں ہوئیں۔
نیب کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سات اپریل تک جواب طلب کر لیا ہے۔
دوسری جانب مریم نواز نے نیب کی درخواست اور عدالت کے نوٹس کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ میں دو مرتبہ جیل کاٹ چکی ہوں اور مجھے دوبارہ جیل جانے سے کوئی خوف نہیں ہے۔
انہوں نے اپنے پاکستان سے باہر جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جب تک حکومت نہیں چلی جاتی، عمران خان وزارت عظمیٰ سے ہٹ نہیں جاتے وہ ملک سے باہر نہیں جائیں گی، چاہے پاسپورٹ ٹرے میں رکھ کر ہی پیش کیوں نہ کیا جائے ۔
واضح رہے کہ میاں نواز شریف سمیت شریف خاندان کے متعدد افراد کو، جن میں شہباز شریف بھی شامل ہیں بدعنوانیوں کے مقدمات کا سامنا ہے۔