پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑنے کا امکان
پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے اجلاس میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں، اس وقت خاموشی چھا گئی جب پیپلز پارٹی کے چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف کو وطن واپس آنے کا مشورہ دیا۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے میاں نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ" میاں صاحب، پلیز پاکستان تشریف لائیں۔" انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ ہو یا عدم اعتماد کا معاملہ، انہیں وطن واپس آنا ہو گا اور صرف ہمیں نہیں بلکہ سب کو جیل جانا ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر کے، اس موقف پر اجلاس میں تھوڑی دیر کے لیے خاموشی چھا گئی تاہم بعد میں میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے یہ کہتے ہوئے آصف علی زرداری کا جواب دیا کہ پاکستان آنے پر میرے والد کی جان کو خطرہ ہے۔
استعفے کے معاملے کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پیپلز پارٹی استعفوں کے خلاف تھی، مسلم لیگ (ن) نے اتفاق رائے کے لیے پیپلز پارٹی کے موقف کی حمایت کی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں ہونے والے حزب اختلاف کی جماعتوں کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف تحریک اور اسمبلیوں سے استعفوں سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی جبکہ لانگ مارچ اور سینیٹ کے حالیہ انتخابات سے متعلق بھی امور کا جائزہ لیا گیا۔