مسئلہ کشمیرحل کئے بغیر ہندوستان کے ساتھ تجارت نہیں کی جاسکتی ؛ عمران خان
پاکستان نے ہندوستان کے ساتھ تجارت بحال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں ہندوستان اور دیگرملکوں کے ساتھ تجارت کا جائزہ لیا گیا ۔ اس اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو ہندوستان کے ساتھ تجارت کی تجاویز پر بریفنگ دی گئی ۔
پاکستانی ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں وزرات خارجہ کی بریفنگ کے جائزے کے بعد ہندوستان کے ساتھ تجارت بحال نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے ساتھ تجارت بحال نہ کرنے کے فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی موجودہ صورتحال میں دونوں ملکوں کے ساتھ تجارت بحال نہیں ہوسکتی ۔
عمران خان نے اس سلسلے میں کہا کہ ان کی حکومت کا اصولی موقف ہے کہ مسئلہ کشمیرحل کئے بغیر ہندوستان کے ساتھ تجارت نہیں کی جاسکتی ۔انھوں نے کہا کہ ہم کشمیر کو نظر انداز کرکے ہندوستان کے ساتھ تجارت شروع نہیں کرسکتے۔
پاکستان کے وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ جب تک کشمیری عوام کو حق خود ارادیت نہیں دیا جاتا، پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات معمول پر نہیں لوٹ سکتے ۔