Apr ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۵:۰۰ Asia/Tehran
  • علامہ شیخ نوروز علی نجفی کی وفات پر ایران کی تعزیت

ایران کے دینی تعلیمی مراکز حوزہائے علمیہ کے سربراہ نے بزرگ پاکستانی عالم دین علامہ نوروز علی نجفی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

پورے ایران کے حوزہ علمیہ  کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی کی جانب سے جاری ہونے والے تعزیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ  پاکستان کے دینی مدارس کے گرانقدر استاد حجت الاسلام شیخ نوروز علی نجفی کے انتقال سے پیدا ہونے والا علمی خلا تادیر پر نہیں ہوسکے گا۔

تعزیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ حجت الاسلام شیخ نوروز علی نجفی نے اپنی پوری زندگی علوم اسلامی اور اہلبیت علیھم السلام کی تعلیمات کے فروغ اور تدریس کے لیے وقف کردی تھی۔

آیت اللہ اعرافی کےتعزیتی پیغام میں آیا ہے کہ میں حوزہ علمیہ پاکستان کے اس عظیم اور گرانقدر استاد کی رحلت پر ان کے اہل خانہ، شاگردوں اور پاکستانی علمائے کرام کو دلی تعزیت پیش کرتا ہوں نیز درگاہ خداوندی میں ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہوں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے معروف عالم دین، فقہ اسلامی کے استاد اور مدرسہ جعفریہ کراچی کے مہتمم علامہ شیخ نوروز علی نجفی طویل علالت کے بعد، ہفتے کے روز اس دار فانی سے کوچ کرگئے۔

ٹیگس