Apr ۱۵, ۲۰۲۱ ۲۰:۲۵ Asia/Tehran
  • پاکستان میں تحریک لبیک پر پابندی عائد

پاکستان میں تحریک لبیک پر پابندی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں ایک سیکورٹی اجلاس میں کیا گیا۔

اس سیکورٹی اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے تحریک لبیک کے ہنگاموں سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے حالیہ ہنگاموں پر قابو پانے میں سیکورٹی اداروں کی کارکردگی کو قابل تعریف بتایا اور کہا کہ کسی کو بھی امن و سیکورٹی میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔

اجلاس کے بعد پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کی منظوری دے دی ہے۔

پاکستانی وزارت داخلہ نے کابینہ کے فیصلے کے مطابق تحریک لبیک پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

دوسری طرف حالیہ پرتشدد مظاہروں کے بعد اسلام آباد میں فرانسیسی سفارتخانے نے اپنے تمام شہریوں اور کمپنیوں کو عارضی طور پر پاکستان سے چلے جانے کا مشورہ دیا ہے۔

فرانسیسی سفارتخانے نے کہا ہے کہ حالیہ مظاہروں نے پاکستان میں فرانسیسی شہریوں کے لئے سنگین خطرات پیدا کردیئے ہیں جس کے پیش نظر فرانسیسی شہروں کو پاکستان چھوڑ دینے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

ٹیگس