پاکستان، پچاسی تنظیموں کے چندہ جمع کرنے پر پابندی، لاہور میں ٹی ایل پی کا احتجاج جاری
حکومت پاکستان نے ٹی ایل پی سمیت ملک کی پچاسی کالعدم تنظیموں کے عطیات اور چندہ جمع کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔جبکہ لاہور میں ٹی ایل پی کا پرتشدد مظاہرہ جاری ہے-
میڈیا رپورٹوں کے مطابق ایک ایسے وقت جب ٹی ایل پی کے پرتشدد مظاہرے لاہور میں جاری ہیں پاکستان کے نیشنل کاوئنٹر ٹیررازم اتھارٹی کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیے میں تمام کالعدم تنظیموں کے عطیات جمع کرانے پر پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔
رپورٹوں کے مطابق نیکٹا کی جانب سے ملک بھرکے تھانوں کو کالعدم تنظیموں کی فہرست بھی بھیجی گئی ہے اور ان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
ادھر اطلاعات ہیں کہ لاھور میں یتیم خانہ چوک پر پولیس اور کالعدم ٹی ایل پی کے کارکنوں کے درمیان تصادم میں تین افراد مارے گئے ہیں۔
کالعدم ٹی ایل پی کے کارکن کئی روز سے اس مقام پر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں اور پولیس علاقے کو خالی کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔
یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ٹی ایل پی اور پولیس کے درمیان تصادم میں پانچ پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا گیا ہے-