Apr ۲۰, ۲۰۲۱ ۱۹:۱۰ Asia/Tehran
  • پاکستان سے فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کے لئے متفقہ قرار داد لانے کا حکم

پاکستان کے اسپیکر قومی اسمبلی نے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کے لیے متفقہ قرار داد پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کے مطابق توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کی قرارداد منگل کے روز حکمران جماعت کے ایک رکن کی جانب سے پاکستان کے قومی اسمبلی میں پیش کی گئی اور اس پر بحث کرانے کا مطالبہ کا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی صدر نے آزادی اظہار رائے کا سہارا لے کر توہین آمیز خاکے شائع کرنے والوں کی حمایت کی ہے جو انتہائی افسوسناک عمل ہے اور یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ فرانسیسی سفیر کو ملک سے نکالنے پر بحث کی جائے۔

اس موقع پر اپوزیشن کی جماعت مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے قرار داد پر مشاورت نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حکومت کو قرار داد کے معاملے پر اپوزیشن کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔ مسلم لیگ نون کے ایک اور رہنما احسن اقبال نے کہا کہ قرارداد میں تضاد پایا جاتا ہے لہذا ہماری درخواست ہے کہ اسے مزید جامع بنا کر پیش کیا جائے۔

بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن ایک ساتھ کام کریں اور متفقہ قرار داد اسمبلی میں لیکر آئیں۔ پاکستان کی قومی اسمبلی کا اگلا اجلاس جمعے کو ہوگا۔

ٹیگس