Apr ۲۴, ۲۰۲۱ ۱۱:۰۱ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا بے قابوایک دن میں 157 ہلاک، فوج طلب

پاکستان میں کورونا بے قابو ہو گیا اورایک دن میں 157 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد اس ملک کے وزیراعظم عمران خان نے کورونا ایس او پیز پرعمل درآمد کے لئے فوج سے مدد طلب کر لی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے 157 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 16 ہزار 999 ہوگئی ۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 90 ہزار 16 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 908 نئے کیسز رپورٹ ہوئے،

پاکستان میں اب تک ایک کروڑ 14 لاکھ 83 ہزار 643 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52 ہزار 402 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 86 ہزار 488 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 682 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے  بڑے پیمانے پر ہونے والی ہلاکتوں کے بعد پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے حوالے سے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، پاکستان میں بھی عوام احتیاط نہیں کررہے اور ہمیں خدشہ ہے کہ آنے والے چند دنوں میں پاکستان میں بھی وہی حالات ہوسکتے ہیں جو اس وقت ہندوستان میں ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ گزشتہ برس پاکستان میں بہت احتیاط کی گئی لیکن افسوس کے ساتھ اس بار کوئی شخص این سی او سی کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل نہیں کررہا، میں باربار کہہ رہا ہوں کہ یہ نہ ہو ہمیں مجبوراً سب بند کرنا پڑجائے، حکومت اب کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے سختی کرے گی اور اس بار ہم نے پولیس اور رینجرز کے علاوہ فوج کو بھی کہا ہے کہ وہ سڑکوں پر آئیں اور عوام کو ایس او پیز پر عمل کرائیں۔

ٹیگس