Apr ۲۷, ۲۰۲۱ ۱۱:۳۵ Asia/Tehran
  • اسرائیل کو تسلیم کرنا مسئلہ فلسطین سےغداری ہے: پاکستان کی سیاسی و مذھبی جماعتیں

پاکستان کی سیاسی و مذھبی جماعتوں من جملہ تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم ، اے این پی، ایم ڈبلیو ایم ، امت واحدہ پاکستان، شیعہ ایکشن کمیٹی ، شیعہ علماء کونسل ، جمعیت علمائے پاکستان ، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ، جعفریہ الائنس ، پاکستان عوامی تحریک اور فنکشنل لیگ کے رہنماؤں نے قبلہ اول کی آزادی پر تاکید کی۔

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام کراچی میں منعقدہ آزادی القدس کل جماعتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہبنماؤں نے کہا کہ تحریک آزادی فلسطین کی حمایت عالم اسلام کی ذمہ داری ہے، اسرائیل کو تسلیم کرنے والے مسلم ممالک نے مظلوم فلسطینیوں کی پیٹھ پر چھرا گھونپا ہے، اسرائیل کو تسلیم کرنا مسئلہ فلسطین سےغداری ہے۔

کانفرنس میں شریک پاکستان کی سیاسی اور مذھبی جماعتوں کے رہنماوں نے کہا کہ  جمعۃ الوداع کو سرکاری سطح پر عالمی یوم القدس کے عنوان سے منایا جائے اور پارلیمنٹ میں مسئلہ فلسطین کے حق میں قرارداد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی نابودی کیلئے عالمی سطح پر مسلم ممالک کو ایک فورم پر جمع کرنے کیلئے کوششیں تیز ہونے چاہئیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ القدس کا مسئلہ کسی ایک مسلک کا مسئلہ نہیں ہے، بلکہ عالم اسلام کا مسئلہ ہے اور ہمیں ایک قدم بھی اس سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیئے، ناجائز ریاست اسرائیل نے امت مسلمہ کے مقدس ترین مقام یعنی قبلہ اول پر ناجائز قبضہ کرکے وہاں پر موجود معصوم و مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ جو ظلم و ستم کی داستانیں رقم کی ہیں، ان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

واضح رہے کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ کو یوم القدس کا نام دیا اور اس روز پوری دنیا میں نماز جمعہ سے قبل اور نماز جمعہ کے بعد بڑی بڑی ریلیاں نکالی جاتی ہیں۔ جن میں غاصب اسرائیل سے نفرت و بیزاری اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ قبلہ اول کی آزادی پر تاکید کی جاتی ہے۔

ٹیگس