پاکستان ؛ فلسطین کاز سے تجدید عہد کا اعلان
پاکستانی دانشوروں اور سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی کوششوں کی مذمت اور فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
عالمی یوم القدس کی تیاریوں کے حوالے سے اسلام آباد میں ایک سیمنار کا انعقاد کیا گیا جس میں سیاسی اور مذہبی رہنماؤں اور دانشوروں نے شرکت کی اور مسئلہ فلسطین کی تازہ صورتحال کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام ، اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرکے، فلسطینی کاز سے غداری کرنے والے عرب حکمرانوں سے اپنی بیزاری کا اعلان کرتے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما صدیق الفاروق نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے، بیت المقدس پر صیہونی فوجیوں کے حالیہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کی تحریک مزاحمت کی حمایت کے لیے مسلمانوں کے درمیان اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جبکہ ہمارے مشترکہ دشمن ایسے کسی بھی متحدہ محاذ کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ خارجہ تعلقات کے سربراہ ناصر شیرازی نے اس موقع پر کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی دراصل گریٹر اسرائیل کے قیام کی سازش کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کی بیدار قومیں اور استقامتی تنظیمیں غدار عرب حکمرانوں اور صیہونی حکومت کی سازش کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئی ہیں۔
سیمینار کے مقررین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی یوم القدس کو قومی کیلنڈر میں شامل اور اس دن کو قومی سطح پر منانے کا اعلان کرے۔