May ۲۶, ۲۰۲۱ ۱۰:۰۴ Asia/Tehran
  • اسرائیل کا قبضہ غزہ پر نہیں، تمام مسلم ملکوں پر ہے، انکی خاموشی فلسطینیوں کے قتل عام کا باعث ہے: پاکستانی سینیٹر

پہلے لگتا تھا کہ اسرائیل کا قبضہ صرف غزہ پر ہے، اب پتہ چل گیا ہے کہ اسرائیل کا قبضہ غزہ پر نہیں ہے بلکہ مسلم ملکوں پر ہے، یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہی۔

سینیٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستانی سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ فلسطینیوں کی ایک نسل ختم ہوگئی لیکن امت مسلمہ اور قیادت خاموش ہے۔پی پی سینیٹر نے غزہ میں ہونے والے بچوں کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت ہے کہ بچوں کے جنازے سب سے بھاری ہوتے ہیں۔

انہوں نے استفسار کیا کہ کیا ہمیں اس وقت کا انتظار کرنا ہوگا جب فلسطین میں بچوں کے کفن ختم ہوجائیں گے؟ سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ امت مسلمہ کی خاموشی کے باعث فلسطین کی ایک نسل کا صفایا کر دیا گیا۔

اُدھر پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فلسطین کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں نے فہم و فراست کا ثبوت دیا ہے۔ سینیٹ اجلاس میں فلسطین سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے۔شاہ محمود قریشی نے سینیٹ اجلاس سے خطاب میں کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کا فلسطین سے متعلق قرارداد پر اتفاق ریکارڈ کا حصہ ہے، اس پر سیاسی جماعتوں کے شکر گزار ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کی سینیٹ نے غزہ میں غاصب صیہونی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں پر کی گئی بلااشتعال بمباری اور انسانیت سوز جنگی جرائم کی مذمت کرتے ہوئے متفقہ قرار داد منظور کر لی۔ قرارداد میں فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے اقدامات کو غیر انسانی اور انسانی حقوق کے خلاف قرار دیا گیا ہے۔

قرارداد میں آیا ہے کہ صیہونی حکومت نے فلسطینی عوام کے خلاف جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے اور اسکے طیاروں نے رہائشی علاقوں اور میڈیا کے دفاتر کو نشانہ بنایا جبکہ مقبوضہ بیت المقدس میں جان بوجھ کر مقدس مقامات کو نشانہ بنا کر جرم کیا گیا۔

ٹیگس