Jun ۰۴, ۲۰۲۱ ۰۹:۲۱ Asia/Tehran
  • امام خمینیؒ نے دوستی کے لبادے میں چھپے اسلام دشمنوں کے چہروں کو بے نقاب کیا

دنیا بھر میں بانی انقلاب اسلامی کی 32 ویں برسی کے موقع پر حضرت امام خمینیؒ کی عظیم شخصیت کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور ان کے افکار و نظریات کی ترویج کیلئے پاکستان میں بھی برسی کی مناسبت سے سیمینار و دیگر تقاریب کا سلسلہ جاری ہے۔

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینیؒ کی 32 ویں برسی کی مناسبت سے تعزیتی پروگرام اور کانفرنس منعقد کئے جار ہے ہیں اور اتحاد و وحدت کے بانی کے مشن کو جاری و ساری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا جا رہا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے بانی انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید روح اللہ موسوی خمینی کی 32 ویں برسی کی مناسبت سے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ انقلاب اسلامی کے اس عظیم قائد کی ہیبت آج بھی طاغوت و استعمار کے ایوانوں میں لرزہ پیدا کر دیتی ہیں، امام خمینی (رح) ایسی بابصیرت اور حکیمانہ شخصیت کے مالک تھے، جنہوں نے دوستی کے لبادے میں چھپے ہوئے اسلام دشمنوں کے چہروں کو سب کے سامنے بے نقاب کیا، وہ عالم اسلام کے دشمن امریکہ، اسرائیل اور ان کے حواریوں کی شرانگیزیوں کے خلاف آخری دم تک ڈٹے رہے۔

علامہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ امام خمینی مسلم امہ کی بقاء کو باہمی اتحاد و اخوت سے مشروط سمجھتے تھے۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی عالم اسلام کو ایک دوسرے کے قریب کرنے کی جدوجہد میں بسر کی، عالمی استکباری و استعماری قوتیں آج بھی امت مسلمہ کے درمیان منافرت پھیلانے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی کی 32 ویں برسی کے موقع پر کہا ہے کہ امام خمینیؒ اسلامی معاشرے کی برجستہ علمی و انقلابی شخصیت ہیں، جنہوں نے علم و شعور اور عمل و کردار کے ذریعے مسلمانوں کی صحیح خطوط پر رہنمائی کرکے عظیم المثال کردار ادا کیا اور اسلامی انقلاب کے ذریعہ عوام کو اسلام کی صحیح اور آئیڈیل تصویر دکھائی، جس کے اثرات آج بھی عالم اسلام میں نظر آتے ہیں۔

امام خمینی جیسی نابغہ روزگار شخصیتیں صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینیؒ اعلیٰ درجے کے فقیہ، مجتہد اعظم اور بلند پایہ مرجع ہی نہیں بلکہ قائد، مثبت اور تعمیری سیاست کے بانی، عالمی استعماری سازشوں کو بے نقاب کرنے والے، مسلمانوں کو اپنے نظریات اورعمل کے ذریعے وحدت کی لڑی میں پرونے والے، عالم اسلام کو اس کے حقیقی مسائل کی طرف متوجہ کرنے والے عظیم انسان تھے۔

مدرسہ علمیہ ثقلین قم کی جانب سے بدھ کے روز امام خمینیؒ کی برسی کی مناسبت سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پرحجت الاسلام ڈاکٹر نجف لکزائی نے آیات قرآنی کے ذریعے امام خمینیؒ کےا فکار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ امام راحل کی اہم خصوصیت یہ تھی کہ انہوں نے اسلام کو پوری دنیا میں زندہ کر دیا اور مسلم امہ کو ذلت کی پستی سے نکال کر عزت کی بلندی پر پہنچا دیا۔ اب ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اس راستے پر گامزن رہیں۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ کے انقلاب کا ایک رکن یہ تھا کہ قرآن اور مکتب اہل بیتؑ کی طرف واپس پلٹا جائے۔

در ایں اثناء ہیئت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ کی جانب سے بانی انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید روح اللہ موسوی خمینی کی 32 ویں برسی کی مناسبت سے فکر امام خمینی سیمینار 6 جون کو جامعہ الزہرا گلشن حدید کراچی میں ہوگا۔

ٹیگس