لاہور بم دھماکے کا ایک ملزم گرفتار
لاہور میں بدھ کے بم دھماکے کے سلسلے میں ایک مشکوک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق بدھ کے بم دھماکے میں ملوث ہونے کے شبہے میں مذکورہ شخص کو لاہور ایئر پورٹ سے اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ کراچی جانے والے ایک ہوائی جہاز میں سوار ہو چکا تھا۔
رپورٹ کے مطابق مشکوک شخص کو ہوائی جہاز سے اتارنے کے بعد نامعلوم جگہ منتقل کر دیا گیا۔ پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کیا جانے والا شخص لاہور میں بدھ کو ہونے والے بم دھماکے میں ملوث ہو سکتا ہے۔ اس سے پہلے پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اعلان کیا تھا کہ حالیہ بم دھماکے کی تحقیقات میں پنجاب پولیس کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور وہ ملزمان کے قریب پہنچ چکی ہے۔
یاد رہے کہ لاہور کے جوہر ٹاؤن میں بدھ کو ایک کار بم کا دھماکہ ہوا تھا جس میں تین افراد ہلاک اور چوبیس زخمی ہوگئے تھے۔