Jun ۲۵, ۲۰۲۱ ۱۸:۵۳ Asia/Tehran
  • ایف سی کے دستے پر حملہ، پانچ اہلکار جاں بحق

پاکستان کے صوبے بلوچستان میں ایف سی کے گشتی دستے پر دہشت گردوں کے حملے میں پانچ سیکورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق، ایف سی کے دستے پر یہ حملہ ضلع سبی کے علاقے سنگین میں کیا گیا جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار جان بحق ہوگئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گردوں کا بھی جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ تاحال کسی شخص یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم پاکستان کی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ چند عناصر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے ایسے بزدلانہ حملے کر کے بلوچستان کے امن و خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کر سکتے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان میں سیکورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ بلوچستان میں ماضی میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات میں، کالعدم تنظیموں کے عناصر ملوث رہے ہیں۔ تحریک طالبان پاکستان اور داعش جیسے دہشت گرد گروہ کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں ہونے والے متعدد بم دھماکوں اور مسلح حملوں کی ذمہ داری قبول کرچکے ہیں۔

ٹیگس