کوئٹہ دھماکے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے: صوبائی وزیر داخلہ
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اس قدر زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا اور گاڑی میں بھی آگ لگ گئی۔
بلوچستان کے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو کا جائے قوعہ پر میڈیا سے بات چیت میں کہنا تھا کہ یہ دہشتگردی کا واقعہ ہےاور دہشتگردی کے واقعات کے تانے بانے ہمسایہ ملک سے ملتے ہیں۔
واقعہ میں دہشتگرد شدت پسند تنظیم ملوث ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے امن وامان کو قائم رکھنے کے لئے سیکیورٹی فورسز قربانیاں دے رہی ہیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی بلوچستان کے مطابق دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، بم ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا دھماکے میں تین سے چار کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا دھماکے سے 6 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت تشویش ناک ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ پارک اور پیٹرول پمپ کے قریب ہوا جس کے بعد ایک گاڑی میں آگ لگ گئی جسے بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا ساتھ ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم بھی پہنچ گئی ۔
اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد ایک موٹر سائیکل چھوڑ گئے جس میں دھماکہ خیز مواد نصب تھا۔ دھماکہ جس جگہ ہوا اس کے قریب ہی ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ بھی واقع ہے۔