پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی
پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی اور کورونا مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر ساڑھے 7 فیصد سے زائد ہو گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 497 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 76 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید ایک ہزار 612 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 53 فیصد ہو گئی۔
پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 23 ہزار 209 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 20 ہزار 324 ہو چکی ہے۔
پاکستان کے اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 59 ہزار 761 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 3 ہزار 84 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 9 لاکھ 37 ہزار 354 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 31 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے، جہاں ایک بار پھر کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا سے متاثر افراد کی تعداد پوری دنیا میں 19.52 کروڑ ہوگئی ہے اورکورونا سے اب تک 41.76 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق دنیا کے 192 ممالک اور خطوں میں متاثرہ افراد کی تعداد 19 کروڑ 52 لاکھ 65 ہزار 112 ہوگئی ہے جبکہ 41 لاکھ 76 ہزار 605 افراد اس سے ہلاک ہوچکےہیں ۔