پاکستان اور طالبان کے درمیان سمجھوتہ، چمن سرحد پر آمد و رفت بحال
Aug ۱۱, ۲۰۲۱ ۱۹:۲۸ Asia/Tehran
پاکستان اور افغانستان کے درمیان قائم اہم ترین سرحدی گزرگاہ چمن بارڈر کھولے جانے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق، پاکستان کے سرحدی حکام اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے بعد چمن بارڈر کو آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ طالبان نے کچھ عرصہ قبل پاکستان کے ساتھ ملنے والی اس گزرگاہ پر قبضہ کرلیا تھا۔
چمن بارڈر کو گزشتہ ہفتے پہلے طالبان نے اور اس کے بعد حکومت پاکستان نے آمد و رفت کے لیے بند کردیا تھا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکام اور طالبان کے درمیان تین معاملات پر اتفاق ہوا ہے جبکہ باقی معاملات فریقین کے درمیان ہونے والے آئندہ اجلاس میں طے کیے جائیں گے۔ ذرائع نے یہ نہیں بتایا کہ پاکستانی سرحدی حکام اور طالبان کے درمیان کن معاملات پر اتفاق ہوا ہے۔