Aug ۱۴, ۲۰۲۱ ۱۰:۵۰ Asia/Tehran
  • جوہری طاقت بننا بڑی کامیابی ہے: یوم آزادی پر پاکستان کے صدر کا بیان

پاکستان میں 75 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں واقع ایوانِ صدر میں یومِ آزادی کے موقع پر صبح سویرے پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی یومِ آزادی پر ایوانِ صدر میں ہونے والی پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان عارف علوی نے کہا کہ 74 سالہ سفر میں مختلف چینلجز میں سرخرو ہوئے، جوہری طاقت بننا بڑی کامیابی ہے، ہمارا ماضی، حال اور مستقبل ہماری سمت کا تعین کرتا ہے۔

تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، سروسز چیفس، وفاقی وزراء اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی قوم کو جشن آزادی پر مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی پر توجہ دے رہے ہیں۔ معیشت کی بحالی، کورونا اور ماحولیاتی تحفظ پر ہماری پالیسیوں کو عالمی طور پر پذیرائی ملی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان آج اقوام عالم کے مابین سر اٹھا کر کھڑا ہوسکتا ہے، کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کے لئے پاکستان سیاسی حل کی حمایت جاری رکھے گا۔ معاشی و سماجی ایجنڈے کی پیروی کیلئے ہم اندرونی اور بیرونی امن چاہتے ہیں۔

پاکستان میں آج جشنِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی گئی، اس موقع پر نعرہ تکبیر سے فضا گونج اٹھی۔

جشنِ آزادی کے موقع پر نوجوان پرچم اور جھنڈیاں لیے رات گئے سڑکوں پر گھومتے رہے۔

ٹیگس