Aug ۱۴, ۲۰۲۱ ۱۸:۴۷ Asia/Tehran
  • پاکستان کے سرحدی فوجیوں اور دہشت گردوں میں جھڑپ، 4 ہلاک

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر لورالائی کے قریب دہشت گردوں اور ایف سی اہلکاروں کے درمیان جھڑپ میں چارافراد مارے گئے۔

پاکستانی فوج کے دفتر رابطہ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان میں لورالائی میں ایف سی بلوچستان کی گاڑی پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ ایف سی کے اہلکاروں کی فوری کارروائی کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار بھی جاں بحق ہو گیا۔  

دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران ایف سی کے دو اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں ایک میجر  بھی شامل ہے۔  زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے لورالائی میں ایف سی کی گاڑی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اُسے ایک انتہائی بزدلانہ کارروائی قرار دیا، انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملوں سے ہماری فورسز کے حوصلے پست نہیں ہو سکتے۔

ٹیگس