Aug ۲۴, ۲۰۲۱ ۱۰:۰۹ Asia/Tehran
  • افغان صدر نے پاکستان کی بات نہ مان کر غلطی کی: پاکستان کے وزیر اطلاعات

فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارا طالبان پر کنٹرول نہیں ہے، ہم نے طالبان کے امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں سہولت فراہم کی ۔

پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے افغان صدراشرف غنی سے ملاقات کے دوران مخلوط حکومت بنانے پر زور دیا تھا، اگر ان کی بات مان لی جاتی تو آج کی صورتحال یکسر مختلف ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں استحکام تمام لسانی گروپوں کو اعتماد میں لینے پر ہی آ سکتا ہے، ہم علاقائی طاقتوں سمیت امریکہ اور برطانیہ سے رابطے میں ہیں، افغان جنگ کی وجہ سے ہم نے 80 ہزار جانیں گنوائیں، ہمارا اربوں ڈالر کا معاشی نقصان ہوا لیکن پھر بھی پاکستان کو دوسروں کی غلطی کا مورد الزام ٹھہرایا جا رہا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ طالبان نے دنیا کے سامنے ظاہر کیا ہے کہ افغانستان عالمی دہشت گرد تنظیموں کا مرکز نہیں بنے گا، اگر افغانستان میں عدم استحکام جاری رہا تو سیکڑوں افراد پاکستان ہجرت کریں گے اور ہم افغانستان میں کسی بھی عدم استحکام کی صورتحال سے بچنا چاہتے ہیں۔

ٹیگس