حکومت پاکستان کا ٹی ٹی پی سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ
اسلام آباد حکومت نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے غیر مسلح ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک ترک ٹی وی سے انٹرویو میں بتایا ہے کہ ان کی حکومت تحریک طالبان پاکستان سے غیر مسلح ہونے کے بارے میں مذاکرات کر رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ان کی حکومت ٹی ٹی پی کے بعض گروہوں سے رابطے میں ہے اور اگر تحریک طالبان پاکستان ہتھیار ڈال دے تو اس کے اراکین کو معاف کیا جاسکتا ہے جس کے بعد وہ ملک میں عام شہری کی طرح زندگی گزار سکتے ہیں۔
انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ تحریک طالبان پاکستان سے بات چیت نتیجہ خیز ہوگی یا نہیں۔
عمران خان نے بتایا کہ کہ ٹی ٹی پی سے ان کی حکومت کے مذاکرات افغان طالبان کے تعاون سے انجام پا رہے ہیں۔
انھوں نے اسی کے ساتھ افغانستان میں آنے والی تبدیلی اور طالبان کے برسراقتدار آنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ یہی کہتے رہے ہیں کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔