Oct ۰۶, ۲۰۲۱ ۱۰:۳۷ Asia/Tehran
  • نائب امریکی وزیرخارجہ کو پاکستان میں استثنیٰ

حکومت پاکستان نے امریکی نائب وزیرخارجہ کی پاکستان آمد کے موقع پر انہیں ہرقسم کی تلاشی سے مبرا کردیا۔

عالمی میڈیا کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین 7 رکنی وفد کے ہمراہ 2 روزہ دورے پرپاکستان جارہی ہیں، وہ 7 سے 8 اکتوبر کو دو روزہ دورہ پر پاکستان پہنچیں گی۔

امریکی وفد کی اسلام آباد آمد کے موقع پر جسمانی تلاشی، اسکینگ سے استثنیٰ ہوگا، امریکی نائب وزیر خارجہ کے وفد کی تصاویر بھی نہیں بنائی جائیں، ان کی آمد اور روانگی کے موقع پر وی آئی پی اسٹیٹ لاؤنج مختص کیا جائيگا، امریکی وفد  کو پی سی آر ٹیسٹ سے استثنیٰ دیا گیا ، ان کے استقبال کے لئے وزرات خارجہ اور امریکی سفارتخانے کے 5، 5 افراد کو انٹری پاس جاری کئے گئے اور انہیں گاڑیوں سمیت اسٹیٹ لاونج کی پارکنگ تک رسائی دی جائے گی۔

واضح رہے کہ امریکہ کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین افغانستان کے معاملے پر واشنگٹن اور اسلام آباد کے درمیان بڑھتے ہوئے اختلافات کے تناظر میں مذاکرات کی غرض سے جمعرات کو اسلام آباد پہنچ رہی ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ وینڈی شرمین دوطرفہ ملاقاتوں، سول سوسائٹی کی تقریبات اور انڈیا آئیڈیاز سمٹ میں شرکت کے لیے 6 اکتوبر کو نئی دہلی پہنچیں گی۔

وہ 7 اکتوبر کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے اراکین سے ملاقاتوں کے لیے ممبئی کا دورہ کریں گی۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'ڈپٹی سیکریٹری وینڈی شرمین، سینئر حکام سے ملاقاتوں کے لیے 7 سے 8 اکتوبر تک اسلام آباد کا سفر کرنے کے بعد اپنا دورہ مکمل کریں گی۔

مبصرین کے مطابق یہ دورہ افغانستان اور پورے خطے کی صورتحال کے تناظر میں بہت نازک وقت میں ہو رہا ہے۔

ٹیگس