ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات ہی مسئلے کا حل تھا: وزیر اعظم پاکستان
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان سے مذاکرات ہی مسئلے کا واحد حل تھا۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے پیر کو پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے دوران کالعدم تنظیم ٹی ایل پی کے دھرنے سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا -
اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات ہی مسئلہ کا واحد حل تھا اور ہم ملک میں خون خرابہ نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی اور کبھی بھی طاقت کے استعمال کی حمایت نہیں کی-
عمران خان نے کہا کہ رحمت للعالمین اتھارٹی بنائی ہے جو توہین رسالت کے سدباب کے لئے اقدامات کرے گی۔
دوسری جانب حکومت سے معاہدے کے بعد کالعدم ٹی ایل پی نے وزیرآباد میں جی ٹی روڈ خالی کر دیا ہے۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق معاہدے کے بعد ٹی ایل پی کے کارکن جی ٹی روڈ سے اٹھ گئے ہیں تاہم کارکنوں نے قریی ریلوے گراؤنڈ میں خیمے لگا دئے ہیں۔ ٹی ایل پی کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ سعد رضوی کی رہائی تک ان کا دھرنا جاری رہے گا۔