Dec ۰۴, ۲۰۲۱ ۰۹:۳۳ Asia/Tehran
  • سری لنکن منیجر کے قتل کا اعتراف، 100 افراد گرفتار

پاکستان کے وزیر اعظم اور اس ملک کی سیاسی و مذھبی جماعتوں نے سری لنکن منیجر پرانتھا کمارا کے قتل کی مذمت کی۔

سیالکوٹ واقعے میں ملوث 100سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن میں سے ایک فرحان نامی شخص نے اعتراف جرم کرلیاہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انکوائری 48 گھنٹے میں مکمل کی جائے گی، پولیس کی لاپرواہی ثابت ہوئی تو کارروائی کی جائے گی جو لوگ ملوث ہوں گے انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

ادھر ایک پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکن منیجرکو زندہ جلانے کا واقعہ پاکستان کیلئے شرم کا دن ہے، واقعے کی تحقیقات کی خود نگرانی کررہا ہوں اور واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی، واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کا عمل جاری ہے۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ کل بروز جمعہ سیالکوٹ کے علاقے وزیر آباد روڈ پر پیش آیا جہاں مبینہ مذہبی پوسٹر اتارنے پر گارمنٹ فیکٹری کے ورکرز نے توہین مذہب کے الزام میں سری لنکن منیجرپرانتھا کمارا پر تشدد کیا جس کے بعد وہ جان بچا کر چھت پر بھاگا تاہم ہجوم نے اس کا پیچھا کیا اور

ہجوم نے اسے چھت سے نیچے پھینک دیا، ڈنڈے، گھونسے، لاتیں مارتے GT روڈ چوک تک لے گئے، مرنے کے بعد آگ لگا دی، بے لگام ہجوم نے فیکٹری میں بھی توڑ پھوڑکی، ڈھائی گھنٹے تک ٹریفک بلاک رہی جسے بعد میں کھلوا دیا گیا۔

 پرانتھا کمارا نے 2013 میں بطور جی ایم پروڈکشن فیکٹری جوائن کیا تھا۔

ٹیگس