Dec ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۸:۰۰ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیر اعظم کی سری لنکا کے صدر سے گفتگو، سانحہ سیالکوٹ کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے سری لنکا کے صدر کو سانحہ سیالکوٹ کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سنیچر کو سری لنکا کے صدر گوتا بایا راجا پکسے کو ٹیلیفون پر سانحہ سیالکوٹ پر پوری پاکستانی قوم کے غم و غصے سے آگاہ کیا۔

انھوں نےاس ٹیلیفونی گفتگو میں بتایا کہ اس سانحے میں ملوث سو سے زائد افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ عمران خان نے اسی کے ساتھ سری لنکن صدر کو یقین دہانی کرائی کی سیالکوٹ میں نجی کارخانے کے سری لنکن مینیجر کے بہیمانہ قتل کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔

تازہ رپورٹ کے مطابق سانحہ سیالکوٹ کے تیرہ مرکزی ملزمین میں سے دو، طلحہ اور فرحان نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ یہ گرفتاریاں سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور موبائل کالوں کے ڈیٹا کی مدد سے عمل میں آئی ہیں۔

یاد رہے کہ جمعے کو سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم نے ایک نجی کارخانے کے سری لنکن مینیجر کو ،مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کرنے پر، بہیمانہ انداز میں قتل کردیا، اس کی لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور پھر نذر آتش کر دیا۔ مشتعل ہجوم نے کارخانے میں بھی توڑ پھوڑ کی۔

اس بہیمانہ اقدام کی پاکستان میں ہر سطح پر مذمت کی گئی ہے اور ملک کے انسانی حقوق کے کمیشن نے مجرمین کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹیگس