Dec ۰۹, ۲۰۲۱ ۱۶:۴۲ Asia/Tehran
  • پاکستان کسی بھی بلاک کا حصہ نہیں بنے گا، عمران خان

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان میں فکری استقلال کے لئے تھنک ٹینکس کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک دنیا میں کسی بھی بلاک کا حصہ نہیں بنے گا۔

اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے پاکستان میں فکری استقلال کے لئے تھنک ٹینکس کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ تھنک ٹینکس کے فقدان کے نتیجے میں باہر سے جو بھی افکار و نظریات آئے ہم نے انہیں قبول کیا اور ہماری اپنی فکری شناخت باقی نہ رہی۔
انھوں نے کہا کہ ملک میں تھنک ٹینکس ہوں گے تو بجائے اس کے کہ دنیا پاکستان کی تشریح کرے ہم خود اپنی تشریح کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ تھنک ٹینکس کے فقدان کا ایک نتیجہ یہ بھی ہے کہ کچھ لوگ مغربیت کو جدت سمجھتے ہیں اور وہاں سے جو کچھ بھی آتا ہے، لے لیتے ہیں اور دوسری طرف کچھ ایسے عناصر بھی ہیں جو مغرب کی ہر چیز کو مسترد کردیتے ہیں کیونکہ ہماری اپنی کوئی فکر تیار نہیں کی گئی۔
انھوں نے عالمی حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی صورتحال سرد جنگ کی جانب جاتی دکھائی دے رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا میں مختلف بلاک بن رہے ہیں جسے روکنے کی کوشش کرنی چاہئیے۔
عمران خان نے کہا کہ پہلے بھی سرد جنگ سے دنیا کو بہت بڑا نقصان ہوچکا ہے اس لیے پاکستان کو کسی بھی بلاک کا حصہ نہیں بننا چاہئے۔ انھوں نے کہا پاکستان چاہتا ہے کہ اب کسی کولڈ وار کا حصہ نہ بنے ۔ انھوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان نے جس طرح ستر کی دہائی میں امریکہ اور چین کے تعلقات استوار کرائے اسی طرح ہم کسی طرح ان کے بڑھتے ہوئے فاصلوں کو روکیں۔ تجارت میں مسابقت ہمیشہ رہی ہے تاہم کہیں اس سے آگے نہ چلے جائیں جیسا سویت یونین، امریکہ اور مغربی ممالک کے درمیان معاملات تھے۔
انھوں نے اسی کے ساتھ کہا کہ جنگ سے کسی بھی مسئلے کا حل نہیں نکالا جاسکتا۔ 

 

ٹیگس