عمران خان نے گوادر کے ماہیگیروں کے مطالبات کا نوٹس لے لیا
پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان نے گوادر کے ماہیگیروں کے جائز مطالبات کا نوٹس لے لیا ہے۔
یہ بات پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں کہی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹرالرز کے ذریعے غیر قانونی ماہی گیری کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ستائیس دن سے گوادر میں ’گوادر کو حق دو تحریک‘ کا دھرنا جاری ہے جس نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ گوادر میں سنیچر کے روز ہزاروں افراد کی تاریخی احتجاجی ریلی میں سڑکوں پر انسانوں کا سمندر امڈ آیا۔
اس تعلق سے ’گوادر کوحق دو تحریک‘ کے لیڈر مولانا ہدایت الرحمٰن کا کہنا تھا کہ عزتِ نفس کی بحالی اور بنیادی حقوق پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔
بلوچستان کے ممتاز سیاستدان عبدالحکیم لہڑی اور سابقہ صوبائی وزیر میر اسلم بلیدی نے دھرنے میں شرکت کر کے تحریک کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔