صوبہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کی شکست
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کی شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی کے پی کے محمود خان کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے۔
پاکستانی میڈیا نے خبردی ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کی شکست کے بعد صوبائی وزیراعلی محمود خان کو اس ملک کے وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد بلایا ہے - اسلام آباد پہنچنے پر وزیراعلی کے پی کے محمود خان نے بلدیاتی الیکشن کے نتائج کے بارے میں وزیراعظم کو بریفنگ دی - ذرائع کے مطابق الیکشن میں کہاں کہاں اور کیوں شکست ہوئی اس موضوع پر بات چیت ہوئی - میٹینگ کے دوران بلدیاتی انتخابات میں ساتھ نہ دینے والے ارکان پارلیمنٹ اور سینیئر رہنماؤں کی بھی نشاندہی کی گئی -
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ براہ راست منتخب تحصیل ناطم انتظامی امور کو بہتر بنائیں گے ان کا کہنا تھا کہ ایسے نظام سے مستقبل کے لیڈرز تیار ہوں گے۔ عمران خان نے کہا کہ کے پی کے میں ہوئے بلدیاتی انتخابات پر شور شرابہ کیا جا رہا ہے لیکن کسی کو احساس نہیں کہ یہ انتخابات جدید اور تبدیل شدہ نظام کی شروعات ہیں یہ ایک کامیاب جمہوریت کی ضمانت ثابت ہوں گے۔