Dec ۳۰, ۲۰۲۱ ۲۱:۰۷ Asia/Tehran
  • پاکستان کی پارلیمنٹ میں زبردست ہنگامہ

پاکستان قومی اسمبلی میں ضمنی مالیاتی بل دو ہزار اکیس پیش کئے جانے کے بعد ایوان میں اپوزیشن نے زبردست ہنگامہ کیا۔

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق جمعرات کو وزیر خزانہ شوکت ترین نے ضمنی مالیاتی بل دو ہزار اکیس پیش کردیا۔ ضمنی مالیاتی بل پیش کئے جانے کے بعد حزب اختلاف کے اراکین نے بل کی مخالفت میں نعرے بازی کی اور ہنگامہ شروع کردیا۔
اس موقع پر مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف نے کہا کہ آج عوام کی زبان بند کرکے پاکستان کی معاشی خودمختاری بیچی جارہی ہے جس پر پوری پاکستان شرمسار ہے ۔
اس دوران اسپیکر کی ڈائس کے سامنے حکومتی اور اپوزیشن اراکین میں ہاتھا پائی ہوگئی ۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ہاتھا پائی کے درمیان پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی نے پاکستان تحریک انصاف کی رکن غزالہ سیفی کو تھپڑ مار دیا۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ضمنی مالیاتی بل کی منظوری کے لئے ہونے والے قومی اسمبلی کے اہم اجلاس میں، پاکستان کے وزیراعظم عمران خان ، قائد حزب اختلاف شہباز شریف ، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ، سابق صدر اور پی پی پی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری اور اختر مینگل شریک نہیں ہوئے ۔

ٹیگس