Jan ۰۶, ۲۰۲۲ ۱۱:۱۵ Asia/Tehran
  • لوٹی گئی دولت کو واپس لوٹانے پر تاکید

پاکستان کےوزیرخارجہ نے کہا ہے کہ جن ممالک میں لوٹی گئی دولت رکھی گئی ہے انھیں غیر مشروط طور پران ممالک کو واپس لوٹائیں جہاں سے یہ دولت لوٹی گئی ہے۔

پاکستان کےوزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اوآئی سی کے خودمختار مستقل انسانی حقوق کمیشن کے سیمینار سے خطاب کرتے  ہوئے کہا کہ کرپشن کے خلاف جنگ اور جملہ انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا، ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن کو منظور ہوئے 15 سال گزر چکے ہیں، یہ کنونشن اس وقت انسداد رشوت ستانی کا واحد عالمی قانون ہے، انسداد رشوت ستانی پر اقوام متحدہ کے اس کنونشن کی واضح شقوں کے باوجود بدقسمتی سے لوٹی گئی دولت اور اثاثہ جات کی برآمدگی اور ان کی متعلقہ ممالک کو تیز رفتار واپسی کے عمل میں بہت سی رکاوٹیں حائل ہیں ۔

پاکستان کےوزیرخارجہ نے کہا کہ جن ممالک میں لوٹی گئی دولت رکھی گئی ہے، وہ ممالک برآمد ہونے والے اثاثے شرائط کے بغیر ان ممالک کو واپس لوٹائیں جہاں سے یہ دولت لوٹی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا عالمی وبا نے موجودہ عدم مساوات کی خلیج کو مزید بڑھادیا ہے، لاکھوں لوگوں کو بدترین غربت میں دھکیل دیا ہے اور لاکھوں لوگ اس کے نتیجے میں روزگار سے محروم ہوچکے ہیں، ان حالات میں کرپشن اور ناجائز سرمائے کے بہاؤ کو جاری رہنے دینا کسی جرم سے کم نہیں ۔

ٹیگس