ایران و پاکستان تجارتی حجم بڑھانے کے لئے پر عزم
پاکستان میں ایران کے سفیر نے تہران اور اسلام آباد کے درمیان سرحدی و سیکورٹی کے امور سمیت سبھی شعبوں میں تعاون کے فروغ اور استحکام پر زور دیا ہے۔
پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے ریڈیو پاکستان سے گفتگو میں کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اس وقت دو نئی سرحدی گذرگاہیں اور مشترکہ سرحدی تجارت کی تقویت کے لئے چھے سرحدی منڈیاں فعال ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایران و پاکستان مشترکہ اقدار کے حامل ہیں اور دونوں ملکوں کے حکام کے ایک دوسرے کے ملکوں کے آپسی دورے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات و تعاون کے فروغ کا باعث بنے ہیں۔
پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا کہ دونوں ممالک آئندہ دو برس میں دو طرفہ تجارت کی شرح ڈیڑھ ارب سے پانچ ارب ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کو پورا کرنے کے پابند ہیں۔
محمد علی حسینی نے کہا کہ ایران افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اس لئے کہ اس ملک کے امن و استحکام سے ایران و پاکستان کے امن و استحکام پر براہ راست اثر پڑتا ہے۔