Feb ۱۲, ۲۰۲۲ ۱۰:۲۰ Asia/Tehran
  • حکومت کے خلاف عدم اعتماد پر اپوزیشن متحد؟

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف عدم اعتماد پر اپوزیشن متحد ہے۔

جے یوآئی کے ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دلایا کہ عدم اعتماد کے معاملے پر پوری اپوزیشن  ایک ساتھ ہے۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کے لیے حکومت کے اتحادیوں سے بھی جلد رابطے کریں گے۔

یاد رہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان 2 روزہ دورے پر گزشتہ روز لاہورپہنچے تھے اور پی ڈی ایم کے ورچوئل اجلاس کی بھی صدارت کی تھی۔ بعد ازاں پریس کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدم اعتماد سے پہلے ہوم ورک مکمل کر کے اتحادیوں کو بھی رضامند کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق اعلان کے بعد وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بیان جاری کیا، جس میں اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان جیت گیا اور پی ڈی ایم ہار گئی ہے اور تحریک عدم اعتماد ٹھس کرگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب پی ڈی ایم کے لوگ ہمارے اتحادیوں کے پاس پھر خیرات مانگنے جا رہے ہیں، نہ یہ عدم اعتماد لائیں گے اور نہ ہی 23 مارچ کو اسلام آباد آئیں گے، اپوزیشن مکمل ناکام ہوچکی اور اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے، ان کے پاس اپنے آدمی پورے نہیں ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ساری اپوزیشن مل کر بھی عمران خان کو ایوان کے اندر شکست اور باہر شکست نہیں دے سکتی کیونکہ اپوزیشن کو یہ بھی نہیں معلوم کہ ان کے پاس ایوان کے اندر اپنی پارٹیوں کے کتنے ووٹ ہوں گے۔

بہرحال پاکستان کی سیاسی صورتحال تحریک عدم اعتماد لائے جانے کے اعلان کے بعد تیزی سے بدل رہی ہے اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رابطے شروع ہو گئے ہیں۔

ٹیگس