ہجومی تشدد کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نپٹا جائے گا: عمران خان
پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان نے ہجومی تشدد کو سختی سے کچلنے کے عزم کا اعلان کیا ہے ۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق عمران خان نے ملک میں ہجومی تشدد کے تازہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انھوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہجومی تشدد کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
رپورٹوں کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اسی کے ساتھ آئی جی پولیس پنجاب سے میاں چنوں میں ہجومی تشدد کے تازہ واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انھوں نے آئی جی پنجاب سے یہ استفسار بھی کیا ہے کہ تازہ ہجومی تشدد کے تعلق سے اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے جس کے تحت تینتس افراد کو نامزد کیا گیا جبکہ تین سو افراد کو مقدمے میں شامل کیا گیا ہے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے اس معاملے میں پچاس افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے صنعتی علاقے سیالکوٹ میں ہجومی تشدد میں سری لنکن مینیجر کے بہیمانہ قتل کے بعد سنیچر کو پنجاب کے ہی علاقے میاں چنوں میں ہجومی تشدد میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ میاں چنوں کے نواح میں ایک مدرسے میں مقیم شخص پر مقدس اوراق کو نذر آتش کرنے کا الزام لگائے جانے کے بعد مشتعل ہجوم نے اس کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ہلاکت کے بعد اس کی لاش ایک درخت سے لٹکا دی۔
بعض ذرائع نے بتایا ہے کہ ہجومی تشدد کا نشانہ بننے والے اپنے اوپر لگائے جانے والے الزام کی تردید کرتا رہا مگر کسی نے بھی اس کی بات نہ سنی اور ایک درخت سے لٹکا کے پتھر مار مار کے اس کو ہلاک کر دیا۔