Feb ۲۵, ۲۰۲۲ ۱۹:۱۲ Asia/Tehran
  • دنیا میں جنگ کی آگ بھڑکانا امریکہ و یورپ کی پالیسی کا حصہ ہے: پاکستانی صدر

پاکستان کے صدر عارف علوی نے مشرق وسطی اور ایشیا میں جنگ بھڑکانے کی امریکی پالیسیوں پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔

اسلام آباد میں ایک بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ امریکہ اور یورپ اپنی قلمرو میں جنگ روکنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں جبکہ مشرق وسطی اور ایشیا میں جنگوں کی حمایت کرتے ہیں۔

پاکستان کے صدر نے روس یوکرین جھڑپوں کے بارے میں کہا کہ تعجب کی بات یہ ہے کہ امریکہ نے جنگِ ویتنام سے عبرت حاصل نہیں کی اور اب وہ ایک اور مشکل میں گرفتار ہو گیا ہے۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ یورپ نے اپنی قلمرو میں بیشتر جنگیں روکنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن مشرق وسطی اور افریقہ کے ملکوں کی تباہی پر وہ تلا ہوا ہے۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان روس یوکرین جھڑپوں کے آغاز کے موقع پر روس گئے ہیں اور جمعرات کو انہوں نے صدر ولادیمیر پوتین سے ڈھائی گھنٹے کی طویل ملاقات کی ہے۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے روسی صدر کے ساتھ ملاقات میں، یوکرین کے ساتھ جھڑپوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ٹیگس