پاکستان، کوئٹہ میں پولیس وین پر حملہ، متعدد جاں بحق و زخمی
پاکستان کے صوبہ کوئٹہ کے علاقے فاطمہ جناح روڈ پر پولیس وین کے قریب دھماکے سے ڈی ایس پی سمیت 3 افراد جاں بحق اور 24 افراد زخمی ہوگئے۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشن فدا حسین شاہ نے کہا کہ شام 7 بجے تھانہ سٹی کی موبائل گزر رہی تھی کہ زور دھماکا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کا معلوم کر رہے ہیں تاہم اس دھماکے میں 2 سے ڈھائی کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا۔
ڈی آئی جی فدا حسین شاہ نے بتایا کہ دھماکے میں ایک ڈی ایس پی سمیت 3 افراد جاں بحق اور پولیس اہلکاروں سمیت 24 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
سول ہسپتال کوئٹہ کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ نے 3 افراد کے جاں بحق اور دیگر زخمیوں کی تصدیق کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بیان میں واقعے کی شدید مذمت کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بزدل دہشت گردوں نے معصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا، ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کوئٹہ شہر اور صوبے کے امن کو خراب کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سرپرستوں کو بیرونی حمایت حاصل ہے۔
واضح رہے کہ 25 فروری کو کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت پولیس کے دو اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔